20 اپریل 2013 - 19:30
اسلامی تحریک پاکستان اور شیعہ علماء کونسل کے رہنماوں کا گلگت دورہ

اسلامی تحریک پاکستان و شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی اور مرکزی راہنما علامہ شبیر حسن میثمی اپنے دو روزہ کامیاب دورہ گلگت کے بعد اسلام آباد واپس پہنچ گئے۔

ابنا: اسلامی تحریک پاکستان و شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی اور مرکزی راہنما علامہ شبیر حسن میثمی اپنے دو روزہ کامیاب دورہ گلگت کے بعد اسلام آباد واپس پہنچ گئے۔ دورہ گلگت کے دوران اسلامی تحریک پاکستان و شیعہ علماء کونسل کے مرکزی راہنماوں نے اسلامی تحریک پاکستان کے نومنتخب صوبائی وزیر دیدار علی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ گورنر گلگت بلتستان پیر کرم علی شاہ اور وزیراعلٰی سید مہدی شاہ سے بھی خصوصی ملاقاتیں کیں، جبکہ وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ میں بھی دیگر علماء کرام اور اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے رہنماوں کے ہمراہ شرکت کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے صوبائی سیکرٹریٹ گلگت میں گلگت بلتستان کی مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات اور تنظیموں کے عہدیداران سے بھی ملاقاتیں کیں۔ امام جمعہ والجماعت گلگت علامہ آغا سید راحت حسین الحسینی سے بھی انکی رہائش گاہ پر خصوصی ملاقات کی جبکہ علامہ عارف واحدی نے مرکزی امامیہ جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے بھی ملکی صورتحال پر خطاب کیا۔

مذکورہ راہنماوں نے شیعہ علماء کونسل گلگت ڈویژن کے صدر علامہ شیخ مرزہ علی کے ہمراہ ضلع ہنزہ نگر کا بھی مختصر دورہ کیا اور مختلف مقامات پر اسلامی تحریک پاکستان کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلامی تحریک پاکستان و شیعہ علماء کونسل ملت جعفریہ پاکستان کا نمائندہ قومی و ملی پلیٹ فارم ہے اور الحمد اللہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی پر حکمت اور دوراندیش پالیسیوں کی بدولت آج یہ نمائندہ پلیٹ فارم قومی سیاست میں بھی بھرپور اور فعال کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی سے آئندہ قومی انتخابات کے حوالے سے ہمارا مشروط سیاسی اتحاد ہماری قومی خدمات اور بہترین سیاسی حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ ہم مکتب تشیع کے سیاسی و مذہبی حقوق کا بھرپور دفاع کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل اسلامی تحریک پاکستان علامہ عارف حسین واحدی نے اعلان کیا کہ بہت جلد قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی بھی گلگت بلتستان کا خصوصی دورہ کرینگے۔ لہٰذہ کارکنان جماعت کو فعال اور منظم کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے تیار رہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲